مرشد اور چیلوں کا انتظام قانون کے مطابق ہوگا، طلال چوہدری

December 09, 2022

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مرشد اور چیلوں کا انتظام قانون کے مطابق ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ آج کل تو ہر طرف مرشداور مرید کی کہانیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ڈیلی میل والے معاملے میں سرخرو ہوئے، برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی بھی شہباز شریف کو کلین چٹ دے چکی ہے۔

ن لیگی رہنما نے استفسار کیا کہ عمران خان نے اپنے خلاف الزامات پر فنانشل ٹائمز پر کیس کیوں نہیں کیا؟ آپ نے تو عدالت جانے کا کہا تھا، کیوں نہیں عدالت لے جاتے؟

ان کا کہنا تھا کہ آپ عدالت لے کر نہیں جائیں گے، آپ کا دامن شہباز شریف کی طرح صاف نہیں، آپ کا دامن داغدار ہے۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ جتنے پیسوں میں شہباز شریف نے چار میٹرو بنائیں آپ نے ایک نہیں بنائی، عمران خان کو توشہ خانہ سمیت دیگر بدعنوانیوں کا جواب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کے لیے کچھ نہیں ہے، یہ اقتدار کےلیے بلیک میلنگ سمیت ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔