• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین بڑی جماعتوں نے پاکستان کو بستر مرگ پر پہنچادیا، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ تین بڑی جماعتوں کے ٹرائیکا نے پاکستان کو بستر مرگ پر پہنچادیا۔

ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سراج الحق نے کہا کہ ملک کے خزانے میں اس وقت صرف امانتیں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایل سی بند ہونے کے باعث غذائی سامان نہیں آرہا، ملک کی معیشت تباہ ہوگئی ،پاکستان ڈیفالٹ ہوگیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت اشیاء خور و نوش کی قلت کا سامنا ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار باتیں چھپا رہے ہیں، 7 بلین ڈالر پر زرمبادلہ آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قوتیں باہمی جھگڑوں کی وجہ سے انتشار کا شکار ہیں، مرکزی اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے پر معاملہ ڈال رہی ہیں، اس وقت ان حکومتی مراکز میں کوئی رابطہ نہیں۔

سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے فنڈ کتنا آیا؟ اور کہاں خرچ ہوا؟ یہ ساری معلومات عوام کو بتائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 کروڑ روپے سے زائد پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے آگئے، سندھ میں 3 ہزار روپے رشوت دیں تو غریبوں کو 5 ہزار روپے سیلاب کا فنڈ دیا جارہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ عوام کو غلط اعداد و شمار بتاتےہیں، بلوچستان میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، پینشن اور تنخواہوں کے پیسے نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال خراب ہورہی ہے، پولیس جرائم کو کنٹرول کرنے کے بجائے پروٹوکول میں مصروف ہے۔

قومی خبریں سے مزید