وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے غیر مشروط بات ہوسکتی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وطن واپسی کا فیصلہ نواز شریف صاحب خود کریں گے، وہ وطن آکر اپنے کیسز کا سامنا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں انتخابی مہم کو نواز شریف صاحب لیڈ کریں گے، اُن کی واپسی کا فیصلہ الیکشن مہم شروع کرنے سے مشروط ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ پاکستان کا بڑا مسئلہ معیشت ہے، اس کا حل انتخابات نہیں چارٹر آف اکانومی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی صورتحال پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صدر عارف علوی کو بریف کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف سے غیر مشروط بات ہوسکتی ہے، غیر مشروط بات تو صدر عارف علوی سے بھی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب کیسز کھلنے کا وہ ماحول نہیں جیسا پہلے تھا کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کو یرغمال بنایا ہوا ہو۔
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات وقت سے پہلے ممکن نہیں، ایک یا دو اسمبلیوں میں الیکشن ہونا ہیں تو ہوجائیں۔