لاہور، جوہر ٹاؤن دھماکے میں را ملوث، 3 دہشت گرد گرفتار کرلئے، وزیر داخلہ

December 14, 2022

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 23جون 2021کو جوہر ٹاؤن لاہور دھماکے میںبھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ملوث ہے اور کئی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے.

ایجنسیز نے دہشت گردی کے واضح ثبوت پکڑے ہیں، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ثبوت انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے پیش کریں گے اور بھارت کے دہشت گردی کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں گے‘معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھایاجائےگا‘بھارتی ایجنٹس کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے ریڈ وارنٹ جاری ہوچکے ہیں۔

وہ منگل کو ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب عمران محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی بھی صورت ہو، پیچھے کہیں نہ کہیں بھارت کا ہاتھ نظر آتا ہے‘بھارت ہر قسم کی دہشت گردی کو پاکستان میں پروموٹ کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے یہاں آپریٹ کیا وہ پاکستانی ہیں‘حافظ سعید کی رہائش گاہ ٹارگٹ تھی لیکن پولیس کی موجودگی کی وجہ سے گاڑی حافظ سعید کی رہائش گاہ تک نہیں پہنچ سکی‘چھوٹے موٹے نیٹ ورک ملک کے مختلف حصوں میں بنتے رہتے ہیں، ہمارے ادارے اور ایجنسیاں اس کے پیچھے لگی ہوئی ہیں۔

کلبھوشن کا گرفتار ہونا بھارت کا سفاک چہرہ دکھانے کو کافی ہے۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عمران محمود نے بتایا کہ 23 جون 2021 کو جوہر ٹاؤن لاہور میں دھماکا ہوا ‘ہم 16 گھنٹوں میں اس کیس کی تہہ تک پہنچ چکے تھے، اس دھماکے میں تین ملزمان ملوث تھے، تینوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا ۔