کئی بی اے پی رہنماؤں کی PPP میں شمولیت

December 31, 2022

تصویر بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف زرداری سے ملاقات کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی(بی اے پی) کے رہنماؤں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

بلاول ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سے بی اے پی کے رہنماؤں کی بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوئی، سابق صدر سے اراکین بلوچستان اسمبلی ظہور بلیدی، سلیم کھوسہ اور عارف محمدحسنی نے ملاقات کی۔

ترجمان نے کہا کہ حاجی ملک شاہ گورگیج، میر اصغر رند، میر فائق جمالی، آغا شکیل درانی، عبید گورگیج، سردار زادہ فیصل جمالی اور میر ولی محمد نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شمولیتی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما علی مدد جتک، نور احمد بنگلزئی و دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے بلوچستان کی آواز رہی ہے، بلوچستان بی بی شہید کے سب سے قریب تھا، بلوچستان کے لیے پہلے بھی بہت کیا لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔