پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرتے معذرت خواہانہ انداز کی ضرورت نہیں، صدر علوی

January 25, 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اہم معاملات پر پاکستان کے نقطہ نظر کو پیش کرنے، پاکستان کی ثقافتی اور سماجی اقدار کو فروغ دینے اور خطے میں عالمی دہشت گردی کو شکست دینے میں پاکستان کی جانب سے دی گئی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لئے ذاتی اور اجتماعی طور پر کوششیں کریں۔ پاکستان کی 40 سال سے 40 ملین سے زیادہ افغان مہاجرین کی میزبانی کے ساتھ ساتھ بھارتی قابض افواج کی طرف سے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے جانے والے مظالم بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار منگل کو ایوان صدر میں ہیلپنگ ہارٹس، کیئرنگ سولز اور اے پی پی اے سی (ایپک) کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک کی طرح اس کے بھی اپنے مسائل ہیں، لہٰذا دنیا بھر میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے معذرت خواہانہ انداز اختیار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستان نے 40 سال سے زائد عرصے تک اپنے وسائل سے 40 ملین افغان مہاجرین کی بے مثال مہمان نوازی کی۔