آج کے دور میں تعلیم کیساتھ تربیت کو اہمیت دینے کی ضرورت ہے: پروفیسر آصف علی

January 26, 2023

ملتان(سٹاف رپورٹر)ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز اور سینئر ٹیوٹر آفس کے زیر اہتمام تعلیم کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار ہواجس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کی جبکہ گیسٹ سپیکر رضی الدین رضی تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ آج کے دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کو بھی اہمیت دینے کی اشد ضرورت ہے۔تعلیم کا اصل مقصد معاشرے اور انسانیت کی فلاح اور خدمت کے اسباب پیدا کرنا ہیں۔تعلیم قوم کی بنیاد ہوتی ہے جو لوگوں کو ملازمت کے ساتھ ساتھ اچھا انسان بننے میں بھی مددگار ہوتی ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود پاکستان میں شرح خواندگی بہت کم ہےاگر ابتدائی تعلیم کے دوران ماحول اور اساتذہ کی حکمت عملی بہتر ہو تو یہ دونوں عوامل بچوں کو ترقی کی جانب گامزن کر سکتے ہیں،رضی الدین رضی نے کہا کہ پہلے استاد ریسرچ اور تعلیمی نصاب سازی میں آزاد تھے اور حکومت اداروں میں مداخلت کرنے کےبجائے اسامیاں فراہم کرنے میں کوشاں تھی لیکن آج موازنہ کیا جائے تو تعلیمی ادارے حکومتی نصاب پر عمل پیرا ہونے کے لئے مجبور ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر سلمان قادری،ڈاکٹر عبدالقیوم،ڈاکٹر محمد شہباز،ڈاکٹر نگہت رضا،ڈاکٹر عثمان جمشید،ڈاکٹر پلوشہ خانم و دیگر موجود تھے۔