پرویزالہیٰ کی فواد چوہدری کے اہلخانہ سے گرفتاری والے بیان پر معذرت

January 27, 2023

انہوں نے کہا کہ کل کے نادانستہ بیان سے فواد چوہدری اور اہلخانہ کے جذبات مجروح ہوئے جس پر افسوس ہے

پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ نے فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری کو ٹیلی فون کر کے گرفتاری والے بیان پر معذرت کی ہے۔

پرویز الہیٰ نے کہا کہ فواد چوہدری اور ان کے خاندان سے برسوں پر محیط احترام و عقیدت کا رشتہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل کے نادانستہ بیان سے فواد چوہدری اور اہلخانہ کے جذبات مجروح ہوئے جس پر افسوس ہے۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری اور جھوٹے پرچے کا اندراج سفاکیت اور نہایت قابلِ مذمت ہے۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران پرویز الہیٰ نے کہا کہ فواد چوہدری اور اہلخانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں اور اپنے بیان پر معذرت خواہ ہوں۔

اس موقع پر فیصل چوہدری نے کہا کہ چوہدری صاحب معذرت کرنا آپ کا بڑا پن ہے، آپ ہمیں شرمندہ کر رہے ہیں۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ آپ بڑے ہیں، میں اور میرا خاندان آپ کو اپنا بزرگ سمجھتے اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بطور خاندان آپ اور آپ کے اہلِ خانہ کی دائم سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔