کنگنا رناوت نے فلم ’پٹھان‘ کا نام تبدیل کرنے کا مشورہ کیوں دیا؟

January 30, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت نے شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کا نام تبدیل کرنے کا مشورہ دے دیا۔

کنگنا رناوت نے جن کا حال ہی میں ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال ہوا ہے، اُنہوں نے ایک بار پھر سے بھارتی فلم انڈسٹری پر تنقید کرنا شروع کردی ہے۔

اُنہوں نے باکس آفس پر فلم’پٹھان‘ کی شاندار کامیابی کی تعریف کرنے کے ایک دن بعد ہی ٹوئٹر پر فلم کو تنقید کا نشانہ بنا لیا اور فلم کا نام تبدیل کرکے ’پٹھان‘ کے بجائے’انڈین پٹھان‘ رکھنے کا مشورہ دے دیا۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ سب لوگ جو فلم ’پٹھان‘ کو نفرت پر محبت کی جیت کہہ رہے ہیں، میں مانتی ہوں کہ یہ محبت کی جیت ہے۔

اُنہوں نے یہ بات واضح کرتے ہوئے کہ کس کی محبت کس کی نفرت پرجیتی ہے، لکھا کہ اس فلم کے ٹکٹ خریدنے اور اسے کامیاب بنانے میں بھارتیوں کی محبت شامل ہے جہاں 80 فیصد ہندو رہتے ہیں اور پھر بھی اس ملک میں بننے والی فلم کا نام ’پٹھان‘ ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ اس فلم میں ہماری دشمن قوم پاکستان اور آئی ایس آئی کو مثبت انداز میں دِکھایا گیا ہے، یہ بھارت کا وہ جذبہ ہے جو اس ملک کو نفرت سے بالاتر مہان بناتا ہے، یہ بھارت کی محبت ہے جس نے دشمنوں کی نفرت اور گھٹیا سیاست پر فتح حاصل کی ہے۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ وہ تمام لوگ جنہوں نے بڑی امیدیں لگا لی ہیں براہ کرم یاد رکھیں کہ پٹھان صرف ایک فلم ہو سکتی ہے، گونجے گا تو یہاں صرف جئے شری رام۔

کنگنا رناوت نے لکھا کہ میں سمجھتی ہوں کہ بھارتی مسلمان محب وطن ہیں اور افغانی پٹھانوں سے بہت مختلف ہیں، اصل بات یہ ہے کہ بھارت کبھی افغانستان نہیں بنے گا، ہم سب جانتے ہیں کہ افغانستان میں کیا ہو رہا ہے، اس لیے فلم ’پٹھان‘ کا مناسب نام اس کی کہانی کے مطابق ’انڈین پٹھان‘ ہے۔

واضح رہے کہ 25 جنوری کو ریلیز ہونے والی ایکشن سے بھرپور فلم ’پٹھان‘ میں شاہ رخ خان، جان ابراہم اور دیپیکا پڈوکون شامل ہیں۔

اس فلم نے باکس آفس پر 5 روز میں 500 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرلیا ہے۔