پاکستان پہنچتے ہی وہاب ریاض کو نگراں وزیر کا پروٹوکول مل گیا

January 30, 2023

وہاب ریاض لاہور ایئرپورٹ پر گھر واپسی کی تیاری کر رہے ہیں - فوٹو: جنگ

کرکٹر وہاب ریاض بنگلادیش سے وطن واپس پہنچ گئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر انہیں پنجاب کے نگراں وزیر کا پروٹوکول ملا۔

وہاب ریاض بنگلادیش پریمیئر لیگ کھیلنے کےلیے بنگلادیش گئے ہوئے تھے۔ دریں اثنا پنجاب کی نگراں کابینہ میں انہیں وزیر بنایا گیا۔

جیو سوپر سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے تصدیق کی تھی کہ انہیں پنجاب کا نگراں وزیر کھیل بنایا گیا ہے۔ وہ وطن واپسی پر حلف لیں گے۔

تاہم اب وطن واپسی پر وہاب ریاض کو لاہور ایئرپورٹ پر نگراں پنجاب حکومت کا پروٹوکول ملا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر جو اعتماد کیا گیا ہے اس پر مشکور ہوں۔نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک لمبا سفر ہے لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اس کو اچھے طریقے سے نبھاؤں گا۔