سندھ: عبادت گاہوں، مزارات، عوامی مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

January 31, 2023

آئی جی سندھ کی زیر صدارت سندھ پولیس کا اجلاس جاری ہے۔

پشاور دھماکے کے تناظر میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اجلاس میںعبادت گاہوں، مزارات، عوامی مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں صوبائی سطح پر سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ سرکاری عمارتوں، کنٹونمنٹ علاقوں، اہم تنصیبات کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔

انہوں نے صوبے اور اضلاع کے داخلی اور خارجی پوائنٹس پر نگرانی مزید سخت کرنے کے احکامات دے دیے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ، چھاپوں میں ’تلاش ایپ‘ ڈیوائس استعمال کی جائے، مشتبہ، مشکوک سرگرمی، پیکٹ، پارسل، بیگ کی اطلاع 15 یا قریبی تھانے کو دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں، کاروباری مراکز پر منتظمین کی مشاورت سے حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز، بس ٹرمینلز اور ٹرک اڈوں کے اطراف پیٹرولنگ کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ رینجرز، ایف سی، دیگر اداروں اور ایجینسیز سے روابط کو مزید تقویت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کو 100 فیصد درست رکھنے کے اقدامات کیے جائیں۔

آئی جی سندھ نے ہدایت دی کہ بلند عمارتوں کو منتخب کرکے واچ ٹاورز کا قیام یقینی بنایا جائے۔