کراچی پولیس چیف کا نمازِ جمعہ میں غیر معمولی حفاظتی اقدامات کا حکم

February 03, 2023

—فائل فوٹو

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے نمازِ جمعہ کے موقع پر شہرِ قائد میں تمام تر حفاظتی اقدامات کو انتہائی ٹھوس اور غیر معمولی بنانے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

کراچی پولیس چیف نے نماز جمعہ کے موقع پر مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف اور مرکزی راستوں پر سادہ لباس اور باوردی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ نمازیوں کی سیکیورٹی کے لیے تمام تھانہ جات کی سطح پر رابطوں کے تحت ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ مساجد اور امام بارگاہوں سے فاصلے پر یقینی بنائی جائے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا ہے کہ عوام کسی بھی مشکوک حرکت سرگرمی یا مشتبہ فرد، افراد، لاوارث گاڑی، بیگ، پارسل وغیرہ کی اطلاع فوری مددگار 15 یا قریبی موبائل تھانہ کو دیں۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ کراچی میں تعینات تمام سب ڈویژنل آفیسرز اور ایس ایچ اوز نمازِ جمعہ کے اختتام تک از خود سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی کریں گے۔

کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے دوران حفاظتی اقدامات کے پیشِ نظر ڈیوٹی کے مقام کو ہرگز نہ چھوڑنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر میں سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپروائی اور کوتاہی پر سخت قانونی و محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔