فیروز خان کے وکیل نے منیب بٹ سے معافی کا مطالبہ کردیا

February 04, 2023

پاکستان شوبز انڈسٹری تنازعات میں گِھرے ہوئے اداکار فیروز خان کے وکیل فائق علی جاگیرانی نے اداکار منیب بٹ سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے ایف آئی اے میں درخواست دائر کردی۔

وکیل فائق علی جاگیرانی کا کہنا ہے کہ اداکار فیروز خان نے جن ساتھی فنکاروں کو جھوٹے الزامات کی بنیاد پر قانونی نوٹس جاری کیا تھا ان میں منیب بٹ کا نام شامل نہیں تھا، اس کے باوجود انہوں نے سوشل میڈیا پر آکر مجھے بدنام کیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم جانتے ہیں کوئی بھی اپنے مخالفین کی بات سننے کو تیار نہیں ہوتا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کسی کو بدنام کریں۔

وکیل فائق علی جاگیرانی نے اداکار سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اداکار معافی نہیں مانگتے ہیں تو ہم منیب بٹ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے، ایف آئی آر درج کروارہے ہیں اور قانون کے مطابق ہرجانہ بھی دائر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چند دن قبل اداکار فیروز خان نے سابقہ اہلیہ سمیت ساتھی فنکاروں کو ان پر جھوٹا الزامات عائد کرنے کی بنیاد پر ہتک عزت کا نوٹس بھیجاتھا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں تھی۔

ان تصاویر میں اداکارہ ایمن خان اور منال خان کا نام اور ذاتی معلومات بھی تھیں جو لیک ہوگئیں جس کے باعث اداکار منیب بٹ نے فیروز خان کے وکیل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے پبلیسٹی اسٹنٹ قرار دیا اور کہا کہ قائق علی اپنے یوٹیوب چینل کے ویوز بڑھانے کے لئے اداکار کے ذریعے ایسے اقدامات کرواتے ہیں۔