بھارت: مریض کو اسپتال لے جانے والے 3 افراد خود موت کا شکار، مریض محفوظ

February 06, 2023

بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ٹرک اور ایمبولینس میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک افراد مریض کو اسپتال منتقل کررہے تھے، مریض محفوظ رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ شدید دھند کے باعث پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایمبولینس ڈرائیور ٹرک کو نہ دیکھ سکا اور سامنے سے آنے والی اس گاڑی کے ساتھ تصادم ہوگیا۔

بتایا جارہا ہے کہ ایک شخص کو دل کا دورہ پڑا جسے اہلِ خانہ اور کچھ عزیز لے کر اسپتال جارہے تھے کہ راستے میں حادثہ پیش آگیا۔

پولیس کے مطابق اس حادثے میں ایمبولینس ڈرائیور اور ایمبولینس میں مریض کے ساتھ موجود ایک خاتون اور ایک مرد ہلاک ہوگئے۔

ایمبولینس میں موجود گوپال کار نامی مریض اور ساتھ میں موجود دو مزید افراد محفوظ رہے۔