بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں الیکشن کمیشن کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے دوران پولیس نے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کو حراست میں لے لیا تاہم کچھ دیر بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں ووٹرز فہرستوں میں تبدیلی کے خلاف چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کے لیے احتجاج جاری ہے۔
کانگریس کے رہنما راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی سمیت اپوزیشن ارکان نے پارلیمنٹ سے الیکشن کمیشن تک احتجاجی مارچ کی کوشش کی۔
پولیس نے الیکشن کمیشن ہیڈکوارٹرز کی طرف جانے والے راستے بند کر دیے، جس پر اپوزیشن کے مظاہرین نے رُکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی، جبکہ راہول گاندھی رکاوٹوں پر چڑھ گئے۔
پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی کو حراست میں لے لیا لیکن تھوڑی دیر بعد دونوں کو چھوڑ دیا گیا۔