پیپلز بس سروس: ڈرائیور، کنڈکٹر کا یونیورسٹی پروفیسر پر مبینہ تشدد

February 07, 2023

فائل فوٹو۔

کراچی میں پیپلز بس سروس ریڈلائن کی بس میں عدم برداشت کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر نے یونیورسٹی کے پروفیسر پر مبینہ تشدد کیا۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کرلیا گیا ہے اور قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب پروفیسرڈاکٹر عاطف جمیل کا کہنا ہے کہ وہ آج اپنے گھر کلفٹن سے یونیورسٹی کےلیے ریڈ بس میں بیٹھے تھے۔ کنڈکٹر کو کرائے کے لیے 10 روپے کے 5 نوٹ دیے۔ کنڈکٹر نے ایک نوٹ واپس کر کے کہا کہ دوسرا دیں، اس پر ٹیپ لگا ہے۔

ڈاکٹرعاطف جمیل کے مطابق کنڈکٹر کو بتایا کہ ہزار کا نوٹ ہے، کھلے نہیں ہیں۔ جس پر کنڈکٹر نے کہا کہ 10 روپے دیں ورنہ یہیں اتار دیں گے۔

ڈاکٹر عاطف نے دعویٰ کیا کہ تلخ کلامی پر کنڈکٹر نے ڈرائیور کے ساتھ مل کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

اس حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ کےحکام کا کہنا ہے کہ بس سروس آر 10 کے روٹ پر واقعہ پیش آیا۔ پروفیسر صاحب روزانہ بس میں سفر کرتے ہیں۔ روزانہ پرانے نوٹ دیتے ہیں جس پر آج کنڈکٹر نے منع کیا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کا مزید کہنا تھا کہ منع کرنے پر پروفیسر صاحب نے مغلظات بکیں جس پر جھگڑا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ اب تک کے شواہد کے مطابق پروفیسر صاحب نے جھگڑا شروع کیا۔