کیارا ایڈوانی نے شادی پر سدھارتھ ملہوترا کے کتے ’آسکر‘ کو کیسے یاد رکھا

February 08, 2023

بھارتی اداکار سدھارتھ ملہوترا اور اداکارہ کیارا ایڈوانی باضابطہ طور پر شادی کے بندھن میں بندھ گئےہیں۔

بھارتی میڈیا پر بالی ووڈ کی اس معروف جوڑی کی شادی ہوتے ہی ان کی تقریبات سے دلچسپ تفصیلات سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔

فلم شیرشاہ کے سیٹ سے شروع ہونے والی محبت گزشتہ روز جیسلمیر کے سوریا گڑھ پیلس میں شاہی شادی کے بندھن میں بندھ گئی۔


دولہا اور دلہن کے ملبوسات اور زیورات

اس موقع پر سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی نے ڈیزائنر منیش ملہوترا کے تیار کردہ ملبوسات زیب تن کئے۔

اداکارہ نے شادی کے موقع پر ہلکے گلابی رنگ کا خوبصورت کام دار لہنگا پہنا جس پر اس جوڑے کے پسندیدہ شہر روم کے فن تعمیر کی طرز پر سُنہری رنگ کی نفیس کڑھائی انتہائی تفصیل سے کی گئی ہے۔


کیارا ایڈوانی نے اپنے اس خاص دن پر جن زیورات کا انتخاب کیا اس میں قیمتی زمرد کے ساتھ اصلی سوارووسکی کے قیمتی ہیرے جڑے ہوئے تھے۔ ان زیورات کو بھی منیش ملہوترا نے ہی ڈیزائن کیا تھا۔

منیش ملہوترا کے مطابق سدھارتھ ملہوترا نے روایتی شیروانی کی بجائے سنہری رنگ کی شیروانی کا انتخاب کیا جس پر ایوئری رنگ کے دھاگوں کے کام، سنہری رنگ کے زردوزی اور بدلہ کی باریک دستی کڑھائی انتہائی مہارت سے کی گئی ہے۔

سدھارتھ ملہوترا نے عمدہ قسم کی پولکی مالا جس میں بغیر کٹے ہوئے ہیرے جڑے ہوئے تھے پہن رکھی تھی۔


کیارا ایڈوانی کے کلیراس

کیارا ایڈوانی نے اس خاص موقع پر اپنی اور سدھارتھ ملہوترا کی خوبصورت یادوں اور پسندگی کا خاص خیال رکھتے ہوئے اپنے کلیراس ڈیزائن کروائے تھے۔ جس میں انہوں نے اپنے اور سدھارتھ کے نام کے پہلے حروف KS لکھوائے۔


اس کے علاوہ کیارا نے سدھارتھ کے پسندیدہ جانور ان کے پالتو کتے ’آسکر‘ (جو اب اس دنیا میں نہیں) کی تصویر بھی کندہ کروا کر اسے اس پُر مسرت موقعے پر یاد رکھا۔

اس کے علاوہ اس میں اٹلی کے شہر روم کے مشہور مقامات کی تصاویر بھی کندہ تھیں۔