صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ہونیوالی ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کے لیے مشترکہ کمیٹی بنا دی گئی۔
ایوان صدر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ کمیٹی میں محسن نقوی، رانا ثناء اللہ ، امیر مقام ، شیری رحمان شامل ہیں، وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا، مشترکہ کمیٹی میں نوید قمر اور اعجاز جکھرانی بھی شامل ہیں، حکومت اور پیپلز پارٹی کا وفد پی ٹی آئی قیادت سے موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناء اللّٰہ ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ بھی شریک تھے، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔
ایوان صدر کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں ملک میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا، صدر اور وزیر اعظم نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا، دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔