طالبان حکومت نے بغیر اجازت زرمبادلہ افغانستان لانے پر پابندی لگادی

February 08, 2023

طالبان حکومت نے افغانستان میں ڈالرز کی اسمگلنگ سے متعلق خبروں کے بعد کرنسی کنٹرول آرڈر جاری کردیا۔ جس کے تحت زرمبادلہ کو بغیر اجازت ملک میں لانے پر پابندی ہوگی۔

عالمی خبر رساں ادارے بلوم برگ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پاکستان سے یومیہ 50 لاکھ ڈالرز افغانستان اسمگل کیے جا رہے ہیں۔

طالبان کی جانب سے جاری کرنسی آرڈر میں بتایا گیا ہے کہ زمینی راستوں سے زیادہ سے زیادہ 500 ڈالر لانے کی اجازت ہوگی۔

10 لاکھ ڈالر اسمگلنگ کی سزا ایک سال قید اور ایک لاکھ ڈالر جرمانہ ہوگا۔ اسی طرح ایک لاکھ ڈالر اسمگل کرنے کی سزا ایک ماہ کی قید ہوگی جب کہ اس سے کم مالیت کے ڈالرز اسمگل کرنے پر 10 دن جیل میں اسیری کاٹنا ہو گی۔

خیال رہے کہ طالبان حکومت نے افغانستان سے قیمتی نوادرات، بیش قیمت پتھر اور سونا لے جانے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔