اسد نیازی سمیت عمران خان کے بہت سے رشتے دار سمجھدار ہیں، سعید غنی

February 08, 2023

پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان کے بہت سارے رشتے دار سمجھدار ہیں، جن میں ہمارے امیدوار اسد نیازی بھی ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی نے کہا کہ ہمارے امیدوار اسد نیازی، دراصل عمران خان نیازی کی نحوست سے بچے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اسد نیازی کو 2018ء میں بھی ٹکٹ دیا تھا لیکن ان کے کاغذات مسترد ہوگئے تھے۔

پی پی کراچی کے صدر نے مزید کہا کہ 16مارچ کی شام کو جب نتائج آئیں گے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے دوستوں کی پریشانی کا احساس ہے، وہ اپنی خامیوں پر ہمیں نشانہ نہ بنائے۔

سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم حلقہ بندیوں کے خلاف ہر جگہ گئی، حلقہ بندی ہم نے نہیں الیکشن کمیشن نے بنائی، میں حلقہ بندیاں ختم نہیں کرسکتا، الیکشن کمیشن کے پاس جائیں۔