بی پی ایل: رنگپور رائیڈرز نے چٹوگرام کو ہرا دیا، حارث مین آف دی میچ قرار

February 08, 2023

فوٹو بشکریہ رانگپور رائیڈرز / ٹوئٹر

بنگلادیشن پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں ایک اور کم اسکورنگ میچ ہوا جہاں رنگپور رائیڈرز نے چٹوگرام چیلنجرز کو 7 وکٹوں سے باآسانی ہرا دیا۔

میرپور ڈھاکا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں چٹوگرام چیلنجرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹ پر 132 رنز بنائے۔ جہاں ظہورخان 33 اور توفیق خان 28 رنز بناکر نمایاں رہے۔

رنگپور رائیڈرز کے رقیب الحسن اور حارث رؤف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

رنگپور رائیڈرز نے ہدف 16ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ رحمان اللّٰہ گرباز 46 اور رونی نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔

اپنے 4 اوور کے کوٹہ میں 14 رنز دے کر 2 وکٹیں لینے کی پرفارمنس پر حارث رؤف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ بنگلادیش پریمیئر لیگ کے میچز جیو سوپر سے براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔