دبئی: بغیر اجازت افطاری تقسیم کرنے پر 10 ہزار درہم جرمانہ اور ایک برس قید ہوگی

March 17, 2023

2022: دبئی کی عبدالرحیم محمد مسجد میں افطاری تقسیم کی جا رہی ہے۔

دبئی کے رہائشیوں کو رمضان المبارک میں افطار تقسیم کرنے کیلئے حکومت سے اجازت لینا ہوگی، بغیر اجازت افطاری تقسیم کرنے والوں کو 10 ہزار درہم جرمانہ اور ایک برس قید ہوگی۔

کورونا کی وجہ سے حفاظتی اقدامات کے تحت افطاری تقسیم کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

لیکن امسال رمضان میں افطاری تقسیم کرنے کیلئے دبئی اسلامی امور اور فلاحی سرگرمیوں کے محکمے سے اجازت لینا ہوگی۔

اس پابندی کی وجہ سے بتائی گئی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ بانٹا گیا کھانا حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق تیار ہوا ہے یا نہیں، دوئم یہ کہ اس طرح مختلف مقامات پر کھانا تقسیم کیا جاسکے گا۔

چیریٹیبل انسٹیٹیونشز کے ڈائریکٹر نے اماراتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افطاری تقسیم کرنے کیلئے شہری درخواست دائر کریں، انہیں یہ بتانا ہوگا کہ وہ کس علاقے میں افطاری تقسیم کریں گے تاکہ اس عمل کو مزید منظم بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے تمام شہری ایک ہی جگہ پر افطاری تقسیم کر دیں، ہمارے پاس معلومات ہوں گی تو ہم ان کی رہنمائی کریں گے تاکہ تمام علاقوں میں افطاری تقسیم ہوجائے۔

بغیر اجازت افطاری تقسیم کرنے والوں کو 5 سے 10 ہزار درہم کا جرمانہ یا 30 یوم سے ایک سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔