امریکی خلائی ادارے ناسا کی جانب سے مریخ کی ایک حیران کن تصویر سامنے آئی ہے، جس میں منجمد ریت کے ٹیلوں پر درختوں جیسی سیاہ قطاریں دکھائی دے رہی ہیں، جس نے دیکھنے والوں کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔
یہ تصویر ناسا کے مارس ریکونیسنس آربیٹر نے مریخ کے شمالی قطب کے قریب کھینچی تھی، جس میں بظاہر برف سے ڈھکے ٹیلوں کے درمیان درختوں کا ایک پراسرار جنگل دکھائی دیتا ہے۔
سائنس دانوں نے واضح کیا ہے کہ مریخ پر کسی قسم کی نباتات یا درخت موجود نہیں، بلکہ یہ سیاہ نشانات ڈھلوانوں پر پھسلتی ہوئی ریت ہے جو درختوں جیسی دکھائی دیتی ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق یہ بصری دھوکا مریخ پر ہر سال موسمِ بہار میں پیدا ہوتا ہے۔ مریخ کی سخت سردیوں کے دوران کاربن ڈائی آکسائیڈ کی برف، جسے خشک برف بھی کہا جاتا ہے، شمالی قطب کے ریت کے ٹیلوں کو ڈھانپ لیتی ہے۔
موسمِ بہار میں سورج کی روشنی جب اس شفاف برف سے گزرتی ہے تو نیچے کی سطح گرم ہونے لگتی ہے۔ اس دوران برف پانی میں تبدیل ہونے کے بجائے براہِ راست گیس میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
وقت گزرنے کے ساتھ گیس کا دباؤ بڑھتا ہے اور برف کی بالائی تہہ میں دراڑیں پڑ جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں گیس کے ساتھ سیاہ ریت بھی باہر نکل کر ڈھلوانوں پر پھیل جاتی ہے۔
ریت کے یہ بہاؤ اپنے پیچھے باریک اور شاخ دار نشانات چھوڑ جاتے ہیں جو اوپر سے دیکھنے پر درختوں کے تنوں اور ان کے سائے جیسے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ تصویر آربیٹر میں نصب ہائی ریزولوشن ہائی رائز کیمرے سے حاصل کی گئی، جس میں ریت کے ایک فعال تودے کے گرنے سے اٹھنے والی گردوغبار کی معمولی بادل نما تہہ بھی دکھائی دیتی ہے۔
سیاروں سے متعلق تحقیق کے مطابق موسموں کی تبدیلی کے ساتھ ریت کے یہ تودے مریخ کی سطح کو تیزی سے تبدیل کرتے ہیں اور بعض ٹیلوں کے نچلے کنارے ایک مریخی سال کے دوران 4.7 میٹر تک آگے بڑھ سکتے ہیں۔
موسمِ گرما آتے ہی برف غائب ہو جاتی ہے اور مریخی ہوائیں سیاہ نشانات کو مٹا دیتی ہیں، یوں یہ پراسرار ’بھوتوں کا جنگل‘ بھی نظروں سے اوجھل ہوجاتا ہے، یہاں تک کہ اگلی سردی میں یہ منظر دوبارہ وجود میں آجاتا ہے۔