جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی، PTI کے 66 کارکن گرفتار، جیل منتقل

March 20, 2023

اسلام آباد،لاہور( نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ سیل) جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد کے باہر ہنگامہ آرائی کیس میں PTIکے66کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا جس کے بعد اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما امجد خان نیازی سمیت تمام 66ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیدیا،ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا کہ عمران خان ہجوم لیکر جوڈیشل کمپلیکس آئے،پولیس کی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں جلا دی گئیں۔زمان پارک آپریشن کے دوران ایلیٹ فورس کی گاڑی تباہ ،اہلکاروں پر تشدد پر بھی پی ٹی آئی قیادت پر 3مقدمامات درج کر لئے گئے۔جوڈیشل کمپلیکس مقدمے میں علی نواز اعوان، عامر محمود کیانی،مراد سعید، اسد قیصر، فرخ حبیب، اسد عمر، عمر ایوب، جمشید مغل، علی امین گنڈا پور، حسان نیازی، محمد عاصم اور شبلی فراز بھی نامزد ہیں۔ایف آئی آر تھانہ رمنا کے ایس ایچ او رشید کی مدعیت میں درج کی گئی۔ مقدمے میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان کے ہمراہ آنے والے ہجوم نے پولیس پر پتھراؤ کیا، پی ٹی کارکنان نے جوڈیشل کمپلیکس کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی اور جوڈیشل کمپلیکس کو چاروں اطراف سے گھیرلیا،مقدمے کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان نے گھیر کر پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا اور جلاؤ گھیراؤ کیا ۔تھانہ گولڑہ کے ایس ایچ او کی سرکاری گاڑی کو توڑا گیا،سرکاری گاڑی سے 9ایم ایم پسٹل، سرکاری وائر لیس اور 20ہزار روپے چوری کئے گئے جبکہ مظاہرین پولیس اہلکاروں سے 8اینٹی رائٹ کٹس بھی چھین کر لے گئے، مظاہرین نے پارکنگ ایریا میں کھڑی دو سرکاری گاڑیاں اور 7موٹر سائیکل جلائیں، مظاہرین نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر 16 گاڑیاں اور چار موٹر سائیکل ڈنڈوں اور پتھروں سے توڑی،جوڈیشل کمپلیکس کی دیوار پر آہنی باڑ کو توڑا، گرفتار کارکنان سے پتھر اور پولیس پر حملے میں استعمال مواد برآمد کر لیا گیا، پی ٹی آئی کارکنان نے پیٹرول بم سے بھی پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا۔زمان پارک آپریشن پر تینوں مقدمات پولیس کی مدعیت میں پی ٹی آئی قیاددت اور کارکنوں پر درج کئے گئے جن میں دہشت گردی اور اقدام قتل جیسی سنگین دفعات لگائی گئی ہیں،زمان پارک میں سرچ وارنٹ لے کر ملزمان کی گرفتاری کیلئے جانے والی پولیس ٹیم پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، یہ مقدمہ انسپکٹر ذوالفقار علی کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس میں درج کیا گیا ہے جس میں دہشت گردی کی دفعات، ناجائز اسلحہ، اقدام قتل سمیت سنگین دفعات لگائی گئی ہیں، ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے علاقہ غیر سے مشکوک مسلحہ افراد بلوا رکھے تھے، پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے ڈی ایس پی سمیت 13 پولیس اہل کار زخمی ہوئے، مقدمہ میں 102 ملزمان کو نامزد کیا گیا جبکہ 76 کو گرفتار کیا گیا، پی ٹی آئی کے کارکنوں سے 8رائفل، سیکڑوں گولیاں اور پیٹرول بم برآمد کئے گئے۔