ملیر میں پارکو کی سپلائی لائن میں کلپ لگا کر تیل چوری کرنے والا 5 رکنی گروہ گرفتار

March 20, 2023

ملیر کے شاہ لطیف ٹاؤن میں پارکو کی سپلائی لائن میں کلپ لگا کر تیل چوری کرنے والے گروہ کے 5 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر حسن سردار نیازی کے مطابق ضلع ملیر کے شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود میں 11 مارچ کو پارکو کی سپلائی پائپ لائن میں سوراخ کر کے تیل چوری کرنے کے کوشش کی گئی تھی جس سے پائپ لائن لیک ہوگئی تھی اور پریشر کی وجہ سے تیل کی بڑی مقدار بہہ گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کا آئل بہہ کر ضائع ہوگیا تھا۔

حسن سردار نیازی کے مطابق اس وقوعہ کا مقدمہ پارکو کی انتظامیہ کی مدعیت میں تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں درج کیا گیا جس پر ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن ملک مظہر اعوان اور اس کی ٹیم کو خصوصی ٹاسک دیا گیا۔

پولیس نے تکنیکی مہارت سے ملزمان کا سراغ لگایا اور ملیر ندی کے قریب کارروائی کر کے 5 ملزمان ظفر ولد احمد خان، حبیب بلوچ ولد صالح محمد، سبحان جٹ ولد ذولفقار جٹ، سید خان ولد عبدالرزاق اور یوسف خان ولد بہادر خان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے تین ساتھی جاوید ہزارے وال، ملک حارث اور محبوب سرائیکی موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے تیل چوری کرنے کےلیے بنائے گئے خفیہ ٹینک والا ایک ڈمپر، لوڈنگ سوزوکی، 4 نائن ایم ایم پستول، 12 موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوا۔

ملزمان کو مقدمات میں گرفتار کیا گیا اور بھاگنے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق ایس ایس پی ملیر نے ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن اور ان کی ٹیم کو نقد رقم اور تعریفی اسناد دینے کی سفارش کی ہے۔