سوارا بھاسکر کے ولیمے کا جوڑا کس پاکستانی ڈیزائنر نے تیار کیا؟

March 21, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کی اداکارہ سوارا بھاسکر نے اپنی ولیمے کی تقریب کے موقع پر پاکستانی معروف ڈیزائنر علی ذیشان کا تیار کردہ جوڑا زیب تن کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ کورٹ میرج کرنے والی بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر اور سیاسی رہنما فہد احمد کی شادی کی باقاعدہ تقریب کا انعقاد روایتی انداز میں کیا گیا۔

ان کی شادی کی رسومات ہندوستانی روایات کے مطابق ادا کی گئیں، جن کا آغاز ہلدی کی تقریب سے 12 مارچ کو ہوا اور گزشتہ روز ولیمے کی تقریب منعقد کی گئی۔

ولیمے کی تقریب میں بھارتی اداکارہ نے معروف پاکستانی ڈیزائنر علی ذیشان کا تیار کردہ خاکستری رنگ کے لہنگے کا انتخاب کیا، ساتھ ہی ایک بڑی نتھ اور ماتھا پٹی نے سوارا کے حسن کو چار چاند لگا دیئے جبکہ فہد احمد نے سفید شیروانی، سفید اور سنہرا دوپٹہ اور سنہرا کرتا زیب تن کیا۔

ان کی شادی کی مختلف تقریبات میں سیاست و شوبز انڈسٹری سے کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

شادی کے ولیمے کی چند تصاویر سماج وادی پارٹی کے لیڈر صہیب انصاری نے ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہیں۔

تصویریں شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’بہت بہت مبارک ہو، فہد بھائی اور سوارا جی، آپ کے لیے نیک خواہشات اور آگے کی زندگی مبارک ہو‘۔

سوارا بھاسکر نے اپنی انسٹااسٹوری پر بھی لہنگے میں اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ڈیزائنر کا شکریہ ادا کیا لکھا کہ ’یہ لہنگا جسے علی ذیشان نے مہربانی سے بنایا اور سرحد کے اُس پار سے میرے پاس بھیجا! یہ ممکن بنانے کے لیے ان کا خصوصی شکریہ‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے وسط میں اداکارہ سوارا بھاسکر نے کورٹ میرج کا اعلان کرکے سب کو حیران کر دیا تھا۔ انہوں نے 6 جنوری 2023 کو اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت عدالت میں اپنی شادی رجسٹر کروائی تھی۔