جیو رمضان اسپیشل ڈرامہ سیریل ’جنجال پورہ‘ سے امر خان بطور مصنفہ ڈیبیو کر رہی ہیں

March 21, 2023

جیو کے رمضان اسپیشل ڈرامہ سیریل ’ جنجال پورہ‘ سے پاکستانی مشہور اداکارہ امر خان بطور مصنفہ ڈیبیو کر رہی ہیں، اس ڈرامے میں ان کا کردار ’ہیر جٹ‘ کا ہے۔

اداکارہ امر خان کے مطابق بطور رائٹر اور مرکزی کردار کام کرنے کا پہلا موقع ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہیر جٹ ایک ایسی لڑکی ہے جو اپنے حالات سے بڑھ کر بڑے بڑے خواب دیکھتی ہے۔ وہ ایک مصروف ٹک ٹاکر ہے جواپنی تسلی اور سوشل میڈیا پر متحرک رہنے کے لئے مشغول رہتی ہے اور پنجابی جٹ کی طرح بہادر ہے۔

اسٹوری لائن کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے صرف اتنا بتایا کہ یہ سن 80 اور 90 کی دہائی کے ففٹی ففٹی، سونا چاندی اور انکل عرفی جیسے مشہور سچویشنل ڈراموں سے متاثر ہوکر لکھا گیا ہے۔

امرخان نے اپنے کردار ہیر جٹ کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے نزدیک یہ ایک کردار ہی نہیں ایک گہرا تاثر ہے۔


ان کا کہنا ہے کہ اس ڈرامہ سیریل میں رومانس، ٹکراؤ اور پیروڈیز کے ملے جلے انداز کے ساتھ پاپ کلچر کو پیش کیا گیا ہے جو ناظرین کی بڑی تعداد کے لئے دلچسپی کا باعث ہوگا۔

امر خان کے مطابق جنجال پورہ ایک منفرد ڈرامہ ہوگا جس میں وہ بطور مصنفہ اور اداکار دو حیثیتوں میں کام کررہی ہیں جبکہ باصلاحیت کاسٹ اور خوبصورت اسٹوری لائن بھی اس ڈرامے کی خصوصیت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ناظرین کو رمضان کی آمد کے ساتھ ہیر جٹ کے کردار کا بھی انتظار رہے گا۔

خیال رہے کہ یہ ڈراما جیو کے لیے سیونتھ اسکائے کے مشہور پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس کی ہدایات صائمہ وسیم نے دی ہیں۔