شاہ رخ خان کا دلچسپ انداز میں فلم ’پٹھان‘ کی ڈیجیٹل ریلیز کا اعلان

March 22, 2023

فوٹو، اسکرین گریب

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ 22 مارچ یعنی آج ایمزون پرائم پر ریلیز ہونے والی ہے۔

پرائم ویڈیو انڈیا نے سوشل میڈیا پر فلم’پٹھان‘ کی ڈیجیٹل ریلیز کا اعلان کرنے کے لیے ایک دلچسپ تشہیری ویڈیو شیئر کی ہے۔

اس ویڈیو میں شاہ رخ خان اور یوٹیوبر بھون بام کے ساتھ مل کر فلم’پٹھان‘ کی ایمزون پرائم پر ریلیز کا اعلان کرنے کے لیے متعدد دلچسپ طریقے آزماتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔


اس ویڈیو کے آخر میںشاہ رخ خان کو دلچسپ انداز میں اپنی ایبس اور مسلز دکھا کر فلم ’پٹھان‘ کی’او ٹی ٹی‘ ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ سے 4 سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی نے بھارتی فلم انڈسٹری کے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دیے۔

فلم ’پٹھان‘ جب سے ریلیز ہوئی ہے دنیا بھر میں باکس آفس پر مسلسل شاندار بزنس کر رہی ہے یہاں تک کہ اس فلم کے بزنس کرنے کی رفتار دیگر بڑی فلموں کی ریلیز سے بھی متاثر نہیں ہوئی۔

سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’پٹھان‘ نے مقامی باکس آفس پر 500 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا ہے۔

واضح رہے کہ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم میں شاہ رخ خان، دیپیکا پڈکون اور جان ابراہم مرکزی کردار ادا کرتے نظر آرہے ہیں۔