رمضان المبارک میں بلاتفریق ضرورت مندوں کی مدد کریں، صدر مسلم لیگ(ن)جاپان ملک نور اعوان

March 22, 2023

رمضان المبارک میں سیاست اور ذات پات سے بالاتر ہوکر ضرورت مندوں کی امداد کریں۔

یہ بات مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے (ن) لیگ کے رہنما خریم ایوب بھٹی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ ن لیگ جاپان کے نائب صدر مرزا اکرم کے جواں سال صاحبزادے کی وفات پر پوری ن لیگ جاپان ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی حالات انتہائی تشویشناک ہیں اور پوری پاکستانی اوورسیز کمیونٹی کو پاکستان کے معاشی حالات پر تشویش ہے۔

ن لیگ جاپان کے چیرمین ملک یونس نے کہا کہ ہمیں نہ صرف اوورسیز میں بلکہ پاکستان میں بھی اپنے ضروتمند بھائیوں کی رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مدد کرنی چاہیے۔

ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر چوہدری عنصر نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں جاپان میں ایک الگ رونق نظر آتی ہے پوری کمیونٹی اس مہینے کو خاص اہتمام سے مناتی ہے۔

اس موقع پر تقریب کے میزبان خرم ایوب بھٹی نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کو خوش آمدید کہنا تھا۔