ٹک ٹاک کے چیف ایگزیکٹو اپنے بچوں کو یہ ایپ استعمال نہیں کرنے دیتے

March 24, 2023

بشکریہ بی بی سی

ٹک ٹاک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، شاؤ زی چیو نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی بنائی ہوئی یہ ایپ اپنے بچوں کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتے ۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاک کے سی ای او نے دوران انٹرویو انکشاف کیا کہ ان کے دو بچے ہیں، جن کی عمر 8 اور 6 سال ہیں جس کی وجہ سے انہیں لگتا ہے کہ وہ ابھی اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لیے بہت چھوٹے ہیں۔

شاؤ زی چیو نے اس بات پر زور دیا ہے کہ کم عمر اور کمسن بچوں کو یہ ایپ استعمال کرتے ہوئے وقت زیر نگرانی رکھا جائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ قانونی طور پر 13 سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے ایک مختلف ایپ ہونی چاہئے جسے وہ موثر طریقے سے استعمال کرسکیں۔ تاہم میں بچوں کے ٹک ٹاک استعمال پر مکمل طور سے پابندی عائد نہیں کروں گا، بلکہ ان کے لئے اسے محدود کروں گا تاکہ وہ اس تک رسائی حاصل کرسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بناتے وقت عمر کی حد کے حوالے سے کچھ پابندیاں ہیں جو دیگر ممالک کے مقابلے امریکہ میں زیادہ سخت ہیں۔

شو زی چیو، جو کہ ایک سنگاپورین کاروباری شخصیت بھی ہیں، نے والدین کے لیے اپنے بچوں کی سرگرمیوں کی زیادہ سے زیادہ نگرانی کرنے کا ایک طریقہ شیئر کیا، جس کے مطابق اس اپیلیکیشن میں ’فیملی پیئرنگ‘ نامی فیچر متعارف کروایا گیا جس سے حفاظتی تدابیر اختیار کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ فیچرنیا نہیں بلکہ اسے 2020 میں متعارف کروایا گیا تھا۔ یہ فیچر ایپلی کیشن کی سیٹنگز میں دستیاب ہے، جہاں بالغ افراد اسے اپنی مرضی کے حفاظتی پیرامیٹرز کے مطابق ترتیب دے سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ فیچر والدین اور بچوں دونوں کی ڈیوائسز میں ایکٹو کیا جاسکتا ہے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھ سکیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صارف کی کم از کم عمر 13 سال ہے لیکن جب نئے صارفین سائن اپ کرتے ہیں تو ان کے پاس عمر کی تصدیق کا کوئی طریقہ کار نہیں ہوتا۔