صدر علوی اپنی اوقات اور آئینی دائرے میں رہیں، رانا ثناء

March 24, 2023

فوٹو فائل

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو اوقات میں رہنے کا مشورہ دے دیا۔

صدر عارف علوی کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ صدر علوی اپنی اوقات اور آئینی دائرے میں رہیں، صدر مملکت عمران خان سے دہشت گردی کرنے کا جواب لیں۔

رانا ثناء نے مزید کہا کہ صدر مملکت عارف علوی عمران خان کے حکم پر پپٹ نہ بنیں، آئین اور قانون شکن آئینی عہدے پر مسلط ہے، سیاسی مخالفین پر 15 کلو ہیروئن ڈال دی تھی، اُس وقت انسانی حقوق کہاں تھے؟ کیا اپوزیشن لیڈر کو سزائے موت کی چکی میں انسانی حقوق کے مطابق ڈالا تھا؟

وزیر داخلہ نے کہا کہ بہنوں، بیٹیوں کو سزائے موت کی چکیوں میں انسانی حقوق کے مطابق ڈالا تھا؟ صحافیوں کی ہڈیاں پسلیاں توڑیں، اس وقت انسانی حقوق کہاں تھے؟ پولیس کے سر کھولنے، پیٹرول بم، گولیاں، غلیلیں انسانی حقوق کے مطابق چلائیں؟

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت عمران خان کو خط لکھیں کہ 190 ملین پاؤنڈ پاکستان کو واپس کرے، عمران کو خط لکھیں کہ ٹیرین خان کو قبول کریں، عمران خان کو خط لکھیں توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کا عدالت میں جواب دیں۔

واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا تھا۔

صدر مملکت نے وزیراعظم کے نام خط میں کہا کہ وزیراعظم توہین عدالت سمیت مزید پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے ہدایت کریں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو انسانی حقوق کی پامالی سے باز رہنے کی ہدایت کی جائے۔