صدر نے پنجاب و کے پی اسمبلیوں کی تحلیل پر خط کیوں نہیں لکھا؟، ناصر شاہ

March 24, 2023

سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے وزیراعظم کو لکھے گئے خط پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی غیر قانونی تحلیل پر صدر نے وزیراعظم کو خط کیوں نہیں لکھا؟ صدر علوی نے دو صوبائی اسمبلیوں کی غیر قانونی تحلیل پر آئین شکن خاموشی اختیار کی۔

ایک بیان میں ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ اب صدر صاحب کو انتخابات کی کیا جلدی ہے؟ صدر علوی کو انسانی حقوق کی پامالی تب یاد آئی جب زمان پارک پر کالعدم تنظیموں کے کارکنوں کے خلاف پولیس آپریشن ہوا؟

صدر علوی نے اس وقت پنجاب پولیس کی حوصلہ افزائی کیوں نہیں کی جب ان پر زمان پارک سے پیٹرول بم سے حملے کیے گئے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ صدر علوی کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست بچائیں نہ کہ عمران خان کے سہولت کاربنیں۔