نااہل قرار دیے جانے کے بعد راہول گاندھی نے مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

March 25, 2023

فائل فوٹو

بھارت کی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ میں خوفزدہ نہیں ہوں اور سوالات پوچھتا رہوں گا۔

راہول گاندھی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میری نااہلی کی وجہ نریندر مودی کا میری ان باتوں سے ڈر اور خوف ہے جس میں، میں نے مودی اور اڈانی کے گٹھ جوڑ کی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ میری تقاریر سے نریندر مودی کو خوف ہے جو میں نے ان کی آنکھوں میں دیکھا ہے، یہی وجہ ہےکہ پہلے گھبراہٹ طاری ہوئی اور پھر مجھے نااہل کیا گیا۔

کانگریس کے رہنما نے کہا کہ میری پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر کو حذف کیا گیا جس پر لوک سبھا کے اسپیکر کو ایک طویل خط لکھا۔

راہول گاندھی نے کہا کہ کچھ وزرا میرے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں کہ میں نے بیرونی طاقتوں سے مدد مانگی لیکن ایسا کچھ نہیں ہے، میں کبھی سوال کرنے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لوک سبھا نے راہول گاندھی کو نااہل قرار دیا تھا۔

انیہں ہتک عزت کے کیس میں گجرات سورت کی عدالت نے 2 سال قید کی سزا سنا کر پھر ان کی ضمانت منظور کرلی تھی۔