جدہ سے کراچی پرواز کی اچانک منزل کی تبدیلی پر پی آئی اے کا مؤقف آگیا

March 25, 2023

فوٹو: فائل

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی جدہ سے کراچی پرواز کی اچانک لاہور تبدیلی کے معاملے پر قومی ایئرلائنز کا موقف بھی سامنے آگیا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرواز پی کے 830 کو ناگزیر آپریشنل وجوہات کی بنا جدہ سے کراچی کے بجائے لاہور ری روٹ کرنا پڑا۔

ترجمان کے مطابق جدہ سے کراچی کے مسافروں کو کل پرواز پی کے 732 کے ذریعے منزل پر لایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مسافروں کو تازہ اپ ڈیٹ سے ان کے دستیاب نمبرز پر مطلع کردیا گیا تھا۔ جو مسافر اس کے باوجود ایئرپورٹ پر پہنچ گئے انہیں قیام و طعام فرام کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مسافروں کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پرواز کا روٹ اچانک تبدیل کیا گیا ہے۔

مسافروں کے مطابق جدہ سے کراچی کے مسافروں کو دو آپشن دیے جارہے ہیں جن میں سے پہلا لاہور کی پرواز پر ایڈجسٹ ہونے کا ہے، جہاں سے مسافروں کو اتوار کی صبح دوسری ڈومیسٹک پرواز سے کراچی پہنچانے کا عندیہ دیا جارہا ہے۔

پی آئی اے عملے کی جانب سے دوسرا آپشن اتوار کی رات 12 بجے تک انتظار کرنے کا دیا جارہا ہے، اس آپشن میں جدہ سے براہ راست کراچی روانہ ہونے والی پرواز کا انتظار کرنے کا کہا جارہا ہے۔