ذاتی معلومات شیئر کرنے پر فیروز خان نے ساتھی اداکاروں سے معذرت کر لی

March 26, 2023

فیروز خان— فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے ساتھی اداکاروں سے سوشل میڈیا پر ان کی ذاتی معلومات شیئر کرنے پر معذرت کر لی۔

رواں سال کے آغاز میں فیروز خان نے سابقہ اہلیہ علیزے سمیت جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے والی تمام شوبز شخصیات کو قانونی نوٹس بھجوائے تھے اور اُنہوں نے اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک دستاویز بھی شیئر کی اور اس دستاویز پر تمام شوبز شخصیات کی ذاتی معلومات بھی درج تھیں۔

جس کے بعد اداکار کو سوشل میڈیا پر اپنی سابقہ اہلیہ اور تمام شوبز شخصیات کی ذاتی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

اب فیروز خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنا ایک بیان جاری کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے بیان میں لکھا ہے کہ 17 جنوری کو میری سابقہ قانونی ٹیم نے ہتکِ عزت کے ایک قانونی نوٹس کو میرے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا تھا اور میں نے بھی یہ بات نوٹس نہیں کی کہ جو نوٹس سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے اس پر ان تمام افراد کے فون نمبرز سمیت تمام ذاتی معلومات بھی درج ہیں۔

اداکار نے لکھا ہے کہ جیسے ہی میں نے یہ بات نوٹس کی تو فوراً پوسٹ ڈیلیٹ کر دی، بطور اداکار مجھے ذاتی حدود کی اہمیت کا اندازہ ہے اور میرے لیے یہ سب سے زیادہ اہم ہے۔

اُنہوں نے مزید لکھا ہے کہ میرا مقصد کسی کی زندگی کے سکون کو متاثر کرنا ہرگز نہیں تھا۔

فیروز خان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ اگر میری وجہ سے میرے کسی بھی ساتھ اداکار کو کسی مشکل کا سامنا کرنا پڑا ہو تو اس کے لیے میں دل سے معذرت خواہ ہوں۔