سوشل میڈیا پر وائرل ’تھری ایڈیٹس‘ کی نئی تصویر کی حقیقت سامنے آگئی

March 26, 2023

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا

فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے اداکاروں کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نئی تصویر کی حقیقت سامنے آ گئی۔

بھارتی فلم تھری ایڈیٹس کے اداکاروں عامر خان، مادھون اور شرمن جوشی کی سوشل میڈیا پر وائرل تصویر کو دیکھ کر کرینہ کپور، بمن ایرانی، جاوید جعفری اور فلم کے دیگر اداکاروں نے اپنے آفیشل اکاؤنٹس پر تشویش کا اظہار کیا تھا کہ شاید یہ تینوں باقی ٹیم کو بتائے بغیر فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا سیکوئل بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اب کرینہ کپور، بمن ایرانی، جاوید جعفری اور فلم کے دیگر اداکاروں نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹس پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں سارا ماجرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔

دراصل، یہ تصویر ایک بھارتی فینٹیسی اسپورٹس ایپ ’ڈریم 11‘ کے اشتہار سے وائرل ہوئی، جس میں عامر خان، آر مادھون اور شرمن جوشی کو دلچسپ انداز میں بھارت کی اس نئیفینٹیسی اسپورٹس ایپ کا پروموشن کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

کرینہ کپور خان نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اداکاروں کی ٹیم کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

بمن ایرانی نے اس ویڈیو پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ان لوگوں نے مجھے بیوقوف نہیں بنایا لیکن دیکھنا یہ میچ یک طرفہ ہو گا، اگر اداکاروں کی ٹیم جیت گئی تو میں اپنی مونچھیں کٹوا دوں گا۔

جاوید جعفری نے اس ویڈیو پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ اچھا ہی ہوا مجھے نہیں بلایا کیونکہ میں اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکتا، لیکن میں کرکٹ کا مداح ہوں اور اس سیزن میں اداکاروں کی ٹیم کو سپورٹ کروں گا۔

اومی ویدیا یعنی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے چتُر نے اس ویڈیو پر دلچسپ انداز میں اپنا ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ جہاں پناہ، تُسی گریٹ ہو میچ شروع ہونے سے پہلے ہی تحفہ قبول کرو۔