نوازالدین صدیقی نے بھائی اور سابق اہلیہ پر 100 کروڑ کا ہرجانہ دائر کر دیا

March 26, 2023

فوٹو بشکریہ انسٹا گرام نواز الدین صدیقی

بالی ووڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی نے اپنے بھائی شمس الدین اور سابق اہلیہ عالیہ صدیقی (انجانہ پانڈے) پر 100 کروڑ روپے ہتک عزت کا ہر جانہ دائر کردیا۔

نوازالدین کی جانب سے ایڈووکیٹ سنیل کمار کے ذریعے دائر کردہ مقدمہ کا ذکر جسٹس ریاض چھاگلا کی بینچ کے سامنے کیا گیا، جس کی سماعت 30 مارچ کو ہوگی۔

عدالت سے استدعا کی گئی کہ وہ نوازالدین کی سابق اہلیہ اور بھائی کو انہیں بدنام کرنے سے روکنے کےلیے حکم امتناعی جاری کرے۔

نواز الدین صدیقی نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے بھائی اور سابقہ اہلیہ کو ہدایت کی جائے کہ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر میرے خلاف ہتک آمیز مواد شائع نہ کریں اور میرے خلاف لگائے گئے الزامات کو واپس لیتے ہوئے مجھے بدنام کرنے پر تحریری معافی بھی مانگیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جھوٹے الزامات لگانے کے باعث ان کا 100 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا جس کا ازالہ کیا جائے۔

اداکار نے عدالت سے درخواست کی کہ بھائی کی جانب سے سابق اہلیہ کے ساتھ مل کر فراڈ کے ذریعے ہتھیائے گئے 21 کروڑ روپے ان سے واپس دلوائے جائیں۔

واضح رہے کہ اداکار نواز الدین صدیقی اور عالیہ صدیقی نے 2010 میں شادی کی تھی ان کے دو بیٹے شورا اور یانی ہیں۔

نواز الدین اور ان کی اہلیہ کے درمیان 2018 میں بھی اختلافات ہوئے تھے، عالیہ صدیقی نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع تک کرلیا تھا۔