شو سے بغیر بتائے ہٹانے پر مجھے خود پر شک ہونے لگا، سنیل گروور

March 26, 2023

معروف بھارتی کامیڈین اور بالی ووڈ اداکار سنیل گروور نے ایک حالیہ گفتگو کے دوران اپنے اوپر آنے والے مشکل وقت کے بارے میں بات چیت کی اور کہا کہ ایسا وقت مہینوں رہا اور یہاں تک ہوا کہ مجھے ایک شو کے لیے تبدیل کردیا گیا اور اس کے بارے میں بتایا تک نہیں اور مجھے کسی اور نے بتایا کہ مجھے تبدیل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شو میں کام کرتے ہوئے ابھی تین دن ہی ہوئے تھے کہ ہٹادیا گیا جس کے بعد خود پر شک ہونے لگا۔

واضح رہے کہ سنیل گروور ٹی وی شو کامیڈی نائٹ ودھ کپل میں گتھی کے کردار سے جانے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کپل شرما شو کے ڈاکٹر مشہور گولاٹی اور رینکو دیوی کے کردار کی وجہ سے گھر گھر میں معروف ہیں۔

انہوں نے یہ شو بعدازاں کپل سے اختلاف کے بعد چھوڑ دیا تھا۔ سنیل گروور نے گبر از بیک، دی لیجنڈ آف بھگت سنگھ اور بھارت جیسی مشہور فلموں میں کام کرکے بھی شہرت حاصل کی۔

سنیل گروور آخری بار امیتابھ بچن، رشمیکا منڈانا اور نینا گپتا کے ساتھ گڈ بائی میں نظر آئے جبکہ آئندہ آنے والے دنوں میں وہ شاہ رخ خان کے جوان میں کام کرتے دیکھے جاسکیں گے۔