بابر اور رضوان کو جیسی عزت ملنی چاہیے تھی وہ نہیں ملی، شاداب خان

March 27, 2023


پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کو جیسی عزت ملنی چاہیے تھی وہ نہیں ملی۔

افغانستان سے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ہم لوگ ہی اپنے پلیئرز پر تنقید کرتے ہیں۔

بابر اعظم اور محمد رضوان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بابر اور رضوان پرفارم بھی کرتے ہیں لیکن ان کے اسٹرائیک ریٹ پر باتیں ہوتی ہیں۔

شاداب خان کا کہنا ہے کہ بطور قوم ہم چاہ رہے تھے کہ پی ایس ایل میں پرفارم کرنے والے نوجوانوں کو موقع ملنا چاہیے کیوں کہ وہ اچھے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تجربات کرنے چاہئیں، میں اس کو بیک کروں گا، اس طرح ہماری قوم اور میڈیا والوں کو پتہ چلے گا کہ کھلاڑی کے تجربے کی بھی اہمیت ہوتی ہے۔

قومی ٹیم کے موجودہ کپتان کا کہنا ہے کہ ہمارے سینئرز کی جس طرح کی پرفارمنس تھی انہیں اس طرح سے عزت نہیں ملی، مجھے لگتا ہے اس سیریز کے بعد ہماری قوم اور میڈیا کی طرف سے انہیں بہت زیادہ عزت ملے گی۔

واضح رہے کہ افغانستان نے اتوار کو 3 میچز پر مشتمل سیریز کے کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، جواب میں افغان ٹیم نے 20 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

افغانستان نے پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ انٹرنیشنل سیریز میں فتح حاصل کی ہے۔