افغانستان نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کرکے سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔
شارجہ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے افغانستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف دے دیا، قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔
افغانستان نے پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ انٹرنیشنل سیریز میں فتح حاصل کی ہے۔
پاکستان کی جانب سے زمان اور احسان اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ افغانستان کے فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو ابتداء میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اور پہلے ہی اوور میں اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
پاور پلے کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز بنائے، صائم ایوب صفر، عبداللّٰہ شفیق صفر جبکہ محمد حارث 9 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم سب سے کامیاب بیٹر رہے، انہوں نے 57 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
قومی ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں صفر پر گرگئیں، جس کے بعد 20 کے مجموعی اسکور پر محمد حارث 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 60 کے اسکور پر اس وقت گری جب طیب طاہر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے، جبکہ پانچویں وکٹ بھی 3 رنز کے اضافے کے بعد 63 رنز پر اعظم خان کی گرگئی، انہوں نے چار گیندیں کھیل کر صرف 1 رن بنایا۔
چھٹی وکٹ کی شراکت میں عماد وسیم اور کپتان شاداب خان نے مل کر 67 رنز بنائے، عماد وسیم نے 64 اور شاداب خان نے 25 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔
افغانستان کی طرف سے فضل حق فاروقی نے 2، نوین الحق راشد خان اور کریم جنت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے افغانستان کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے جہاں فہیم اشرف کی جگہ محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آج کے میچ میں پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان شاداب خان، صائم ایوب، محمد حارث، عبداللّٰہ شفیق، طیب طاہر، اعظم خان، محمد نواز، عماد وسیم شامل ہیں۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ، زمان خان اور احسان اللّٰہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
افغانستان کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
یاد رہے کہ پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو کم اسکور پر آؤٹ کر کے میچ جیتا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ کل شارجہ میں ہی شیڈول ہے۔