کراچی کی میئرشپ کسی کو خیرات میں نہیں دیں گے، سعید غنی

March 27, 2023

وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی کی میئرشپ کسی کو خیرات میں نہیں دیں گے۔

ایک بیان میں سعید غنی نے پوچھا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کس اصول پر کراچی کی میئر شپ کا تقاضا کر رہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کسی کو جنت کے خواب نہیں دکھائے، کارکردگی پر ووٹ لیے ہیں، کراچی کی میئرشپ کسی کو خیرات میں نہیں دیں گے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے خدمت کرکے عوام کے دل جیتے ہیں، ایم کیو ایم میدان خالی نہ چھوڑتی تو جماعت اسلامی کا کوئی وجود نہ ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں کراچی سے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو ککھ نہیں ملے گا۔

سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے بعد جماعت اسلامی الیکشن کمیشن کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔