پاکستانی متنازع فلم ’جوائے لینڈ‘ دہلی میں نمائش کے لئے پیش کر دی گئی

March 28, 2023

فائل فوٹو

دہلی میں ہونے والے مقامی فلم فیسٹیول میں پاکستانی متنازع فلم ’جوائے لینڈ‘ نمائش کے لئے پیش کر دی گئی، فلم بینوں نے فلم کو خوب سراہا، بھارتی صحافی شورتی سونل نے فلم کو سحرانگیز قرار دے دیا۔

مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی صحافی شورتی سونل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’گزشتہ رات دہلی میں فلم جوائے لینڈ کی اسکریننگ ہوئی جوکہ سحر انگیز تھی۔ شائقین نے پاکستانی فلم دیکھنے کے لئے گھنٹوں قطار میں کھڑے ہوکر انتظار کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ فلم پدر شاہی نظام اور اس کے باعث پیدا ہونے والی تنہائی اور اس کے اثرات پر کھل کر روشنی ڈالتی ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا کہ فلم فیسٹیول کے دوران فلم کی نمائش کا انتظار کرتے شائقین کی بڑی تعداد نے جگہ کی کمی کے باعث فرش پر بیٹھ کر فلم دیکھی اور دیکھ کر جذباتی ہوگئے اور تالیاں بجاکر فلم کو سراہا۔

ان کا کہنا ہے کہ جذبات و سرحدوں کو عبور کرکے فن اپنا راستہ تلاش کرلیتا ہے۔

بھارتی صحافی شورتی سونل کے ٹوئٹ پر کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے جمائمہ خان کی فلم ’واٹ لو گاڈ ٹو ڈو ود اٹ‘ کے ہدایت کار شیکھر کپور نے بھی جوائے لینڈ کو بہترین فلم قرار دے دیا۔

دوسری جانب دیگر ٹوئٹر صارفین نے فلم کی نمائش پر سوال کھڑے کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صرف متنازع فلم کی نمائش کی اجازت ہی کیوں دی ہے ، کامیاب فلم مولا جٹ کی نمائش پر پابندی کیوں لگائی ہے؟

ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ ایک فلم پر پابندی دوسری کو اجازت، اس سے کیا اثرات مرتب ہوں گے؟ ، ایک صارف نے یہ بھی لکھا کہ اور بھی پاکستانی فلمیں ہیں لیکن صرف جوائے لینڈ کی ہی اسکرینگ ہو رہی ہے انڈیا میں!