جبر پر ریاستیں قائم نہیں رہ سکتیں، فواد چوہدری

March 28, 2023

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جبر پر ریاستیں قائم نہیں رہ سکتیں، صبح اٹھتے ہیں تو پتا چلتا ہے مزید 2 مقدمے درج ہوگئے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان پر ایک دن میں 15 مقدمات درج ہوئے جبکہ پی ٹی آئی قیادت پر مجموعی طور پر 143 مقدمات درج کیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے لیے ان کے پاس بندے نہیں ہیں، عمران خان کے گھر حملہ کرنا ہو تو ایک گھنٹے میں 4500 لوگ اکٹھے ہو جاتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ یہ کہتے ہیں الیکشن کے لیے پیسے نہیں ہیں، لوٹوں کو لاکھوں روپے دیے وہ کہاں سے آئے؟

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کہتی ہیں لیول پلیئنگ فیلڈ ہونی چاہیے، جس دن ایسا ہوگیا مریم کو سامان پیک کرنے کا بھی موقع نہیں ملے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کا سوموٹو لینا بحث طلب ہے، عدلیہ لوگوں کے حقوق کی حفاظت کرتی ہے، جبر پر ریاستیں قائم نہیں ہوسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پانچ دن ہوگئے ہیں اظہر مشوانی کا پتا نہیں چل سکا، حسان نیازی کو گرفتار کیا گیا، مزید 1100 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ اظہر مشوانی اور شاہد حسین اغوا کیے گئے، شاہد حسین کو کل رہا کردیا گیا کیونکہ وہ برطانوی شہری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حسان نیازی کو گرفتار کیا گیا جب وہ اے ٹی سی میں ضمانت کروا رہے تھے، حسان نیازی کو پورا پاکستان گھمایا جارہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اظہر مشوانی کو گرفتار کیا گیا کسی کو معلوم نہیں وہ کہاں ہے، ایک 10 سال کے بچے کو جج نے جوڈیشل ریمانڈ کر دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس سارے معاملے کا نوٹس لیا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں سے رابطے کررہے ہیں، آپ دیکھیں گے اگلے 10 دنوں میں دباؤ بڑھے گا۔