کراچی: کار پر فائرنگ، آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر بیربل چل بسے

March 30, 2023

فوٹو فائل

کراچی میں لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹر چینج کے قریب گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل گینانی چل بسے۔

کراچی کے معروف ماہر امراض چشم اور سابق سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی اینڈ پبلک ہیلتھ ڈاکٹر بیربل گینانی کو لیاری ایکسپریس وے پر کار پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، واقعے میں ڈاکٹر بیربل کی اسسٹنٹ زخمی ہوئیں۔

ڈاکٹر بیربل گینانی اسپنسر آئی اسپتال لیاری کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بھی رہے، وہ ڈیڑھ برس قبل طارق پبلک ہیلتھ سٹی گورنمنٹ کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے تھے۔

مقتول ڈاکٹر بیربل نے حال ہی میں اپنی بیٹی کے ساتھ ماسٹرز ان پبلک ہیلتھ کی ڈگری بھی حاصل کی تھی۔

اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر بیربل گینانی کی ٹارگٹ کلنگ کی واردات ایسے مقام پر ہوئی جہاں دو تھانوں کی حدود لگتی ہے۔

گارڈن اور سولجر بازار پولیس اسٹیشن میں حدود کا تنازعہ آخری وقت تک جاری تھا۔

گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔