سینیٹر شیری رحمٰن نے فلسطین سے متعلق فرانس اور برطانیہ کے مؤقف پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
شیری رحمٰن نے اپنے ردعمل میں کہا کہ فرانس اور برطانیہ کا فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ظلم کی انتہا کے بعد بالآخر دنیا کو غزہ کا درد محسوس ہونے لگا ہے، بھوک سے بلکتے فلسطینی بچوں کی آہوں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ برطانیہ اور فرانس کا فیصلہ انصاف، انسانی ہمدردی اور عالمی امن کی سمت قدم ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ فرانس، برطانیہ دیگر ممالک کے دباؤ کے بعد اسرائیل نے امدادی ٹرک داخل ہونے کی اجازت دی۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ خوراک اور پانی کو ہتھیار بنا کر ظلم و بربریت کی انتہا کی گئی اور کئی ماہ سے غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 60 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ دو ریاستی حل ہی واحد راستہ ہے جو مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن لاسکتا ہے، اس لیے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو بیانات نہیں بلکہ مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔