پرویز الہٰی کا موجودہ سیاسی صورتِحال میں بڑا دعویٰ

April 02, 2023

پرویز الہٰی—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف کےصدر چوہدری پرویز الہٰی نے موجودہ ملکی سیاسی صورتِ حال کے دوران بڑا دعویٰ کر دیا۔

اپنے ایک بیان میں چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہایم کیو ایم سمیت سب پرانے اتحادیوں سے رابطے بحال ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو پی ڈی ایم سے اتحاد کا سیاسی طور پر بہت نقصان ہوا۔

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے اندر یہ سوچ موجود ہے کہ پی ڈی ایم کے ساتھ مزید چلنے کا کوئی فائدہ نہیں، بلوچستان حکومت اور جی ڈی اے میں بھی حکومت کی آئین اور ملک دشمن پالیسیوں پر سخت تحفظات پائے جاتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ عمران خان جلد تمام جماعتوں کا اجلاس بلا کر اگلے لائحہ عمل کے بارے میں بتائیں گے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مفرور نواز شریف کی سربراہی میں حکومتی اجلاس قوم اور اداروں کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف خود تو تاحیات نااہل اور بھگوڑے ہیں، شہباز شریف نے اپنے بھائی کی ضمانت دی ان کے خلاف بھی کیس ہونا چاہیے۔

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پی ڈی ایم کا غیر آئینی مطالبات پر مبنی اعلامیہ سپریم کورٹ کے امور میں کھلی مداخلت ہے، حکومتی اعلامیے میں سپریم کورٹ کے خلاف دھمکی آمیز اور توہین آمیز زبان استعمال کی گئی۔

پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی سیاست آخری ہچکیاں لے رہی ہے، الیکشن رکوانے کے لیے حکومت کا آخری حربہ بھی ناکام ثابت ہو گا۔