سندھ کے وزیر ایکسائز مکیش چاؤلہ نے کہا کہ پچھلے چند دنوں میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائیاں کی ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا گزشتہ روز پاکستان میرینز کے ساتھ ملکر منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کی، گزشتہ رات ایک سو کلو کرسٹل آئس برآمد کی ہے۔
وزیر ایکسائز سندھ نے مزید کہا کہ ساڑھے پانچ سو کلو چرس بھی پکڑی گئی ہے۔ مکیش چاؤلہ نے کہا گزشتہ روز محکمہ ایکسائز نے 2100 غیرملکی شراب پکڑی ہے۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ منشیات سمندری راستے سے کشتیوں کے ذریعے اسمگل کی جا رہی تھی۔
مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی اور محکمہ ایکسائز سندھ نے مشترکہ کارروائی کی، پکڑی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت 5 سے 7 ارب ہوگی۔
انھوں نے کہا نمبر پلیٹس کے معاملے پر کچھ لوگ اجرک فوبیا کا شکار ہوگئے ہیں، اجرک سے متعلق منفی باتوں کی مذمت کرتا ہوں۔
انھوں نے کہا 14 اگست تک شہری گاڑیاں ٹرانسفر کروا لیں۔ ہم نے کہا ہے کہ 14 اگست تک نمبر پلیٹس کی وجہ سےچالان نہیں کیا جائے گا۔
مکیش چاؤلہ نے کہا ابھی تک ہم نے 20 لاکھ نمبر پلیٹس جاری کر دی ہیں، موٹر سائیکلوں کو 12 لاکھ نمبر پلیٹس جاری کی جاچکی ہیں۔