پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بارشوں نے تباہی مچادی۔ آسمانی بجلی، کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 19زخمی ہوگئے۔
اوکاڑہ، کمالیہ اور کوٹ ادو سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں طوفانی بارش سے راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔
ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافےکا خدشہ ہے۔
کچے کے علاقوں سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر نقل مکانی جاری ہے۔
حیدر آباد کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ حیسکو ریجن کے 220 فیڈر ٹرپ کرگئے، جامشورو اور ٹنڈوالہ یار میں بھی بارش ہوئی۔
آزاد کشمیر کے مختلف شہروں اور علاقوں مظفرآباد، وادی نیلم، نکیال سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارش سےدریاوں اور ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔