سگریٹ نوشی منشیات کی پہلی سیڑھی ہے، آئی جی پنجاب

April 24, 2023

فائل فوٹو

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، سگریٹ نوشی منشیات کی پہلی سیڑھی ہے، بچے سگریٹ نوشی کریں تو والدین سختی سے روکیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے طلبہ کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اگر بچہ بلا وجہ غصہ کرے تو اس کی وجہ منشیات کا استعمال ہو سکتا ہے، تیز ڈرائیونگ اور اونچی آواز میں میوزک سننے کی وجہ بھی منشیات ہو سکتی ہے، منشیات کی لعنت سے نوجوان نسل کو محفوظ رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ محلے دار اور والدین سگریٹ نوشی پر بچوں کی کڑی نگرانی کریں، بچوں کا علاج والدین اور معاشرے کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، نوجوانوں کی رگوں میں اندھیرا اتارنے والے موت کے سوداگر پولیس کا ٹارگٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کو ہم سزائے موت تک لے جا ریے ہیں، اس سال 7 ہزار منشیات فروشوں کو جیل بھجوا چکے ہیں، 6 ہزار کلو چرس، 200 کلو ہیروئن اور خطرناک ڈرگ آئس برآمد کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے اطراف میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں، منشیات فروشی نیٹ ورک کا حصہ بننے والے بچے پر پرچہ بھی ہو سکتا ہے۔