بھارتی ایجنسی کا یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کا مذموم ارادہ

May 27, 2023

یاسین ملک، فائل فوٹو

بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے یاسین ملک کو سزائےموت دلوانے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی تحقیقاتی ایجنسی حریت رہنما یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کا مذموم ارادہ رکھتی ہے۔

کُل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی تحقیقاتی ایجنسی کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نظربند حریت رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔

حریت کانفرنس کے بیان میں کہا گیا کہ قابض فوج کو بےگناہ کشمیریوں کو قتل، گرفتار اور تشدد کرنےکی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔

حریت کانفرنس کا کہنا تھا کہ بھارت بدترین جبر کے باوجود نظربند حریت رہنماؤں کےحوصلے توڑنے میں ناکام رہا ہے۔

کانفرنس نے کہا کہ بھارت کی جیلوں میں قید حریت رہنما حق پر مبنی مؤقف پر چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔

حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ نظربند حریت رہنماؤں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

کانفرنس میں مزید کہا گیا کہ یاسین ملک جھوٹے مقدمے میں نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں عمر قید کاٹ رہے ہیں۔